ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اُڈپی کے سرکاری اسپتال کے سازو سامان سپلائی پرروک : بی آر ایس گروپ کی کوششیں ناکام : ضلع سرجن نے روکا

اُڈپی کے سرکاری اسپتال کے سازو سامان سپلائی پرروک : بی آر ایس گروپ کی کوششیں ناکام : ضلع سرجن نے روکا

Tue, 31 May 2022 19:01:08    S.O. News Service

اُڈپی:31؍مئی  (ایس اؤ نیوز) اُڈپی کے سرکاری کوسما شمبھو شٹی اسمارک حاجی عبداللہ تائی اور مکلو اسپتال کوسرکاراپنی تحویل میں لینے سے صرف ایک دن پہلے بی آر شٹی کی ملکیت والی بی آر ایس لائف گروپ اسپتال کے ساز وسامان کو سپلائی کرنےکی کوشش  کی گئی تو جائے وقوع پر پہنچ کر ضلع سرجن نے سپلائی کوروک دیا۔

معاشی نقصان کی وجہ سے بی آر شٹی ملکیت کے بی آر ایس لائف گروپ کو اسپتال کا انتظام ممکن نہیں ہوا تو سرکارنے اسپتال کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔ریاستی حکومت نے 16مئی سے  سرکاری اسپتال اپنی سرپرستی میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیاتھا لیکن معاملہ یکم جون تک ملتوی کیاگیاتھا۔ اب اسپتال حکومت کی تحویل میں دینے سے صرف ایک دن پہلے بی آر ایس لائف گروپ والوں نے ضلع سرجن کو اطلاع دئیے بغیر اسپتال کے صوفہ ، الماری ، کرسیاں ، ٹیبل سمیت کئی سازوسامان لاری میں لوڈ کرکے لے جانے کی تیار ی میں تھے۔ عین اسی دوران عوام کی طرف سے بذریعہ فون ملی اطلاع پر  ضلع سرجن ڈاکٹر مدھوسودھن نایک جائے وقوع پر پہنچ گئے اور سامان کی سپلائی پر روک لگائی اور پولس کو خبر کی۔ اطلاع پاتے ہی پولس بھی پہنچ گئی اور سارے سامان کو اسپتال میں واپس رکھنے کی ہدایت دی ۔ اس طرح لاری میں لوڈ کردہ سارے سامان واپس اسپتال میں رکھتے ہوئے موجودہ حالت کو برقرار رکھا گیا ہے۔

ضلع سرجن ڈاکٹر مدھو سودھن نایک :معاملے کو لے کر ضلع سرجن ڈاکٹر مدھوسودھن نایک نے کہاکہ یکم جون سے اسپتال حکومت کی سرپرستی میں چلے گا۔ اسی دوران یہاں کے سامان کو سپلائی کرنےکی کوشش کئےجانےکی شکایت ملی تو جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیاگیا ہے۔ اسپتال چھوڑ دینے کی بات کہی گئی لیکن فی الحال یہاں کے جو بھی سامان ہیں اس کو لے جانے سے روکا گیا ہے۔ آئندہ اس سلسلے میں ہمیں خط لکھا جاتاہے تو اعلیٰ افسران کو جانکاری دیتےہوئے اس کے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔

تنخواہ کے متعلق حکومت فیصلہ کرے گی:ضلع سرجن نے بتایا کہ سرکاری اسپتال کے عملے کی تنخواہیں باقی ہیں اس کی جانکاری اعلیٰ افسران کو دی گئی ہے۔ گروپ ڈ ی کے عملے کی مارچ سے اب تک کی تین ماہ کی اور بقیہ عملے کی پانچ ماہ کی تنخواہ باقی ہے۔ اس سلسلےمیں سرکاری سطح پر فیصلہ ہونا باقی ہے ۔

200بیڈ والے سرکاری اسپتال کو 100عہدے منظور ہوئے ہیں۔ این آر ایچ ایم کے 54عہدے ہیں ، اس طرح کل 154 عہدے ہیں ۔ان میں سے 78عہدوں کی بھرتی کے لئے منظوری کا حکم ہوا ہے جو ہمیں پہنچنا باقی ہے۔ ہمارےہاں ڈاکٹروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ کانٹراکٹ کی بنیاد پر عملہ کا تقرر کرتےہوئے اسپتال کو جاری رکھے جانے کی جانکاری ضلع سرجن نے دی ۔

اس سے قبل اسپتال میں 80اسٹاپ نرس تھیں  جو اب صرف 20ہیں ان میں سے 12اسٹاپ نرس نے ہمیں خط دیا ہے جن کو ہم جاری رکھیں گے۔ اسی طرح 6سکیورٹی کوبھی لیاجائے گا۔ ہاؤس کیپنگ کے لئے14عہدےمنظور ہونے کی ضلع سرجن نے جانکاری دی ۔

بی آر ایس لائف گروپ کی وضاحت :میڈیکل سپرنڈنٹ ڈاکٹر سورن لتا کا کہنا ہے کہ بی آر ایس گروپ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ششیر شٹی کے حکم پر دفتر کے سازوسامان لےجارہے تھے۔ ان میں سےکوئی بھی سامان مریضوں کے لئے استعمال ہونےوالا نہیں تھا۔ لیکن ضلع سرجن نےکہاکہ اگر سامان لے کر گئے تو کارروائی کی جائے گی۔ توپھر ہم نے سامان واپس جوں کا توں رکھ دیاہے۔ اب ڈاکٹر ششیر نے ضلع سرجن کو اس سلسلے میں ای میل بھیجا ہے ۔


Share: